رونالڈو کا 2008 کا سیزن میسی کے 2012 پر بازی لے گیا

رونالڈو کا 2008 کا سیزن میسی کے 2012 پر بازی لے گیا

Oct 29, 2026|ویب ڈیسک

لزبن (سپورٹس ڈیسک) پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے دیرینہ حریف لیونل میسی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بیلن ڈی اور جیتنے والے سیزنز میں بہترین سیزن کا اعزاز حاصل کرلیا۔فرانس فٹبال کی جانب سے بیلن ڈی اور کی 70ویں سالگرہ پر متعارف کرائے گئے خصوصی ایوارڈ ’’بی او اے ٹی‘‘ کے لیے شائقین نے ووٹنگ کی، جس میں رونالڈو کا مانچسٹر یونائیٹڈ کے ساتھ 2008 کا سیزن پہلے نمبر پر رہا۔میسی کا 2012 کا سیزن دوسرے نمبر پر آیا، جب انہوں نے ایک کیلنڈر سال میں ریکارڈ 91 گول کیے تھے، جبکہ رونالڈو کا ریال میڈرڈ کے ساتھ 2017 کا سیزن تیسرے نمبر پر رہا۔تاہم ووٹنگ کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں، کیونکہ ووٹ ڈالنے کے لیے ایک یورو فیس مقرر تھی اور شائقین متعدد مرتبہ ووٹ دے سکتے تھے۔ منتظمین کے مطابق 5 ہزار سے زائد افراد نے ایک سے زیادہ بار ووٹ دیا۔رونالڈو نے 2007-08 کے سیزن میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے تمام مقابلوں میں 42 گول کیے اور ٹیم کو پریمیئر لیگ اور چیمپئنز لیگ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔