اسلام آباد( کامرس ڈیسک) ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں ایک ہفتے کے دوران 0.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 23 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 9 اشیاء سستی اور 19 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔اعداد و شمار کے مطابق ٹماٹر کی قیمت میں سب سے زیادہ 22.13 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جبکہ آٹا 4.94 فیصد مہنگا ہوا۔ اسی طرح ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ پیاز، کیلے، آلو، دودھ، دہی اور چینی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔دوسری جانب بعض اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں کمی بھی سامنے آئی، چکن کی قیمت میں 6.34 فیصد جبکہ انڈوں اور لہسن کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔