وسیم اکرم نے بابر اعظم کی ٹیسٹ کپتانی کو غلط فیصلہ قرار دیدیا
مانچسٹر( سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بابر اعظم کی جانب سے قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سنبھالنے کو غیر ضروری اور غلط فیصلہ قرار دیا ہے۔مانچسٹر میں وقار یونس کے ہمراہ ایک خیراتی فنڈ ریزنگ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ ممکن ہے ان کی رائے درست نہ ہو، تاہم بابر اعظم کو ٹیسٹ کپتانی قبول نہیں کرنی چاہیے تھی۔انہوں نے تیسرے ٹیسٹ کے ٹاس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب بابر اعظم سے سات کھلاڑیوں اور کوچ کی تبدیلی سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے لاعلمی کا اظہار کیا، جس پر وسیم اکرم نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر کپتان کو ہی صورتحال کا علم نہ ہو تو وہ ٹیم کی قیادت کیسے کرے گا۔وسیم اکرم کے مطابق اگر کپتان یا ٹیم کا قائد کھلاڑی کا ساتھ نہ دے تو کھلاڑی اپنی بھرپور صلاحیت کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکتا۔ ان کی رائے میں دوسرے ٹیسٹ کے بعد بابر اعظم کو واضح کرنا چاہیے تھا کہ وہ صرف بطور کھلاڑی ٹیم کا حصہ رہیں گے۔