مصر، سوڈان اور امریکا کے درمیان جنگ بندی پر اہم مذاکرات
Sep 21, 2026|ویب ڈیسک
قاہرہ( مانیٹرنگ ڈیسک) مصر، سوڈان اور امریکا کے اعلیٰ حکام نے سوڈان میں جاری جنگ کے خاتمے، سکیورٹی کی بحالی اور پائیدار سیاسی حل کیلئے اہم مذاکرات کیے ہیں۔مصری وزارت خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے سوڈانی ہم منصب محی الدین سالم اور امریکی صدر کے عرب و افریقی امور کے سینئر مشیر مسعد بولس سے ملاقات کی۔مذاکرات میں سوڈان میں جنگ بندی اور کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے سوڈانی عوام کی خواہشات کے مطابق دیرپا سیاسی حل اور ملکی قومی مفادات کے تحفظ کیلئے سازگار حالات پیدا کرنے پر بھی غور کیا۔بدر عبدالعاطی نے سوڈان کی وحدت، خودمختاری، علاقائی سالمیت، قدرتی وسائل اور ریاستی اداروں کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔