سعودی عرب، قطر کی مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی دھاوے کی مذمت
مقبوضہ بیت المقدس( مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب اور قطر نے اسرائیلی وزیر اور آباد کاروں کے ایک گروپ کی جانب سے مسجد اقصیٰ کے احاطے میں داخل ہو کر مذہبی رسومات ادا کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔بیت القدس گورنریٹ کے مطابق تقریباً 100 اسرائیلی آباد کار اسرائیلی فورسز کی سکیورٹی میں مسجد اقصیٰ کے احاطے میں داخل ہوئے۔ یہ واقعہ اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نتن یاہو، متعدد وزرا اور ہزاروں آباد کاروں کے مشرقی بیت المقدس میں مغربی دیوار کے احاطے میں پہنچنے کے ایک روز بعد پیش آیا۔سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ مسجد اقصیٰ میں یہ کارروائی مسلمانوں کیلئے کھلی اشتعال انگیزی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ سعودی عرب نے فلسطینیوں اور مقدس مقامات کے خلاف اسرائیلی حکام کی اشتعال انگیز اور غیر قانونی کارروائیوں کو مسترد کرتے ہوئے عالمی برادری سے ذمہ داری ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔قطری وزارت خارجہ نے بھی مسجد اقصیٰ پر دھاوے کو قابل مذمت اور عالمی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ قطر کے مطابق مسجد اقصیٰ مسلمانوں کی عبادت گاہ ہے اور بیت المقدس کے تاریخی و قانونی تشخص کو تبدیل کرنے کیلئے یکطرفہ اقدامات بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی ہیں۔