بلوچستان، خیبرپختونخوا میں کارروائیاں، 12 دہشت گرد ہلاک، 6 جوان شہید

بلوچستان، خیبرپختونخوا میں کارروائیاں، 12 دہشت گرد ہلاک، 6 جوان شہید

Sep 21, 2026|ویب ڈیسک

کوئٹہ(اباسین خبر)بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 12 دہشت گرد ہلاک جبکہ 6 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے اپھان کوہ، پروم میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ان کے قبضے سے جدید اسلحہ اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز کے قافلے اور خوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے، تاہم کارروائی کے دوران 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔شہید ہونے والوں میں 23 سالہ کیپٹن ابوزر فاروق، ضلع گوجرانوالہ، اور 22 سالہ لیفٹیننٹ شیراز بابر، ضلع چکوال، بھی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں افسران نے اپنے چار جوانوں کے ہمراہ بہادری سے لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔