محسن نقوی کی انڈر 19 کھلاڑیوں سے ملاقات، مرکزی معاہدوں کا اعلان
لاہور( سپورٹس ڈیسک) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کرکے انگلینڈ میں عمدہ کارکردگی پر انہیں سراہا اور پہلی بار نوجوان کرکٹرز کو مرکزی معاہدے دینے کا فیصلہ کیا۔ہیڈ کوچ شاہد انور کے مطابق انگلینڈ میں ٹیم کی اچھی کارکردگی کے بعد محسن نقوی نے کھلاڑیوں کو مدعو کیا، ان سے انفرادی ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کی تعریف کی۔محسن نقوی نے کہا کہ مرکزی معاہدوں سے نوجوان کرکٹرز کو بہتر کارکردگی کیلئے حوصلہ ملے گا جبکہ اچھی کارکردگی کا صلہ ملنے سے ان کا اعتماد بھی بڑھے گا۔کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ملتان میں گزشتہ دو برس کے دوران ہونے والے انڈر 19 ترقیاتی کیمپوں سے کھلاڑیوں کو نمایاں فائدہ ہوا۔ چیئرمین پی سی بی سے ملاقات اور مرکزی معاہدوں کا ملنا نوجوانوں کیلئے حوصلہ افزا ہے۔عالیان سلمان نے کہا کہ معاہدوں سے کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھے گا اور وہ اپنی کرکٹ پر زیادہ توجہ دے سکیں گے۔ جہانگیر بلال کے مطابق مرکزی معاہدوں سے نوجوان کرکٹرز اپنے خاندانوں کی مالی مدد بھی کر سکیں گے۔رضوان اللہ نے محسن نقوی اور پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انعامات اور مرکزی معاہدوں کا اعلان نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بڑی حوصلہ افزائی ہے۔