عثمان خواجہ کا کتابی دورہ منسوخ، ناشر نے مکمل منسوخی کی تردید کردی

عثمان خواجہ کا کتابی دورہ منسوخ، ناشر نے مکمل منسوخی کی تردید کردی

Nov 11, 2026|ویب ڈیسک

سڈنی (سپورٹس ڈیسک) سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے اپنی خودنوشت کی تشہیر کے لیے ترتیب دیا گیا کتابی دورہ منسوخ کر دیا، تاہم کتاب کے ناشر نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دورہ مکمل طور پر جاری رہے گا۔آسٹریلوی میڈیا کے مطابق عثمان خواجہ کے کتابی دورے میں ٹیلی ویژن، ریڈیو اور دیگر ذرائع ابلاغ کو انٹرویوز دینا شامل تھا۔ اطلاعات ہیں کہ ایک انٹرویو کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ گزشتہ روز ایک انٹرویو میں عثمان خواجہ بال ٹیمپرنگ کے سینڈ پیپر اسکینڈل سے متعلق سخت سوالات کے تسلی بخش جوابات نہیں دے سکے تھے۔دوسری جانب کتاب کے ناشر نے مکمل منسوخی کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف شیڈول میں معمولی ردوبدل کیا گیا ہے، دورہ 100 فیصد جاری رہے گا اور کوئی بڑی منسوخی نہیں ہوئی۔ ناشر کے مطابق عثمان خواجہ مزید انٹرویوز بھی دیں گے۔عثمان خواجہ کی خودنوشت کے باب ’’سینڈ پیپر‘‘ نے آسٹریلوی کرکٹ میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ سابق کرکٹر کا دعویٰ ہے کہ بال ٹیمپرنگ کے معاملے سے سب آگاہ تھے۔ اس اسکینڈل میں 3 آسٹریلوی کھلاڑیوں کو سزائیں دی گئی تھیں۔ ڈیوڈ وارنر نے عثمان خواجہ کے دعوے کی حمایت کی، جبکہ مچل اسٹارک نے ان کے مؤقف کو مسترد کر دیا۔ادھر کرکٹ آسٹریلیا نے اس معاملے کی دوبارہ تحقیقات نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔