بنگلہ دیش کا بھارت سے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ
ڈھاکہ (مانیٹرنگ ڈیسک) بنگلہ دیش نے بھارت میں مقیم سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی قانونی طریقہ کار کے تحت وطن واپسی اور حوالگی کا مطالبہ دہرا دیا ہے، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان سفارتی کشیدگی برقرار ہے۔بنگلہ دیش کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے واضح کیا ہے کہ حکومت بھارت سے شیخ حسینہ کو واپس لانے کی خواہاں ہے تاکہ انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے اور عدالتوں کی جانب سے سنائی گئی سزاؤں پر عمل درآمد ہوسکے۔ہمایوں کبیر کا کہنا تھا کہ شیخ حسینہ بھارت میں سیاحت یا خاندانی دورے کے لیے موجود نہیں بلکہ بنگلہ دیش کی عدالتوں کو مطلوب ہیں، اس لیے انہیں انصاف کا سامنا کرنے کے لیے وطن واپس لانا ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم پاسپورٹ کے حصول یا تجدید کے لیے درخواست دے سکتی ہیں، تاہم اس معاملے سے بنگلہ دیش کے اصولی مؤقف اور حوالگی کے مطالبے میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔