نیتن یاہو سے مشابہت ایرانی دکاندار کیلئے مصیبت بن گئی، گاہکوں کا بائیکاٹ
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے غیر معمولی مشابہت رکھنے والے خشک میوہ جات کے ایک دکاندار کو مشکل صورت حال کا سامنا ہے، جہاں شہریوں نے اس کی دکان سے خریداری کرنا چھوڑ دیا ہے۔ترک میڈیا کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی کے اثرات تہران میں کاروبار کرنے والے اس دکاندار تک بھی پہنچ گئے ہیں۔ دکان میں بنائی گئی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے اس کی شکل کو نیتن یاہو سے مشابہ قرار دیا، جس کے بعد گاہکوں نے دکان کا رخ کرنا کم کردیا۔دکاندار کا کہنا ہے کہ اب کوئی بھی خریدار اس کی دکان پر نہیں آتا اور وہ اس صورت حال سے پریشان ہوچکا ہے۔دوسری جانب سوشل میڈیا پر ویڈیو دیکھنے والے بعض صارفین نے دکان کا پتا معلوم کرنے کی کوشش کی، جبکہ متعدد افراد نے دکاندار کی نیتن یاہو سے مشابہت پر دلچسپ اور مزاحیہ تبصرے بھی کیے۔