امریکی جیل میں مادورو کا روحانی سفر، قرآن مجید اور انجیل کا مطالعہ شروع کردیا
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) وینزویلا کے معزول صدر نکولس مادورو نے امریکی جیل میں قرآن مجید، انجیل اور دیگر مذہبی کتابوں کا مطالعہ شروع کردیا ہے۔ جیل میں ان کے حالات سے واقف افراد کے مطابق وہ روحانی رجحان کے تحت مذہبی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 63 سالہ مادورو بروکلن کی جیل میں قید ہیں، جہاں وہ زیادہ تر وقت قرآن مجید، انجیل اور دیگر مذہبی کتابوں کے مطالعے میں گزارتے ہیں۔ اس دوران وہ ایک عیسائی پادری اور یہودی مذہبی رہنما سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مادورو کو طویل عرصے سے روحانیت میں دلچسپی رہی ہے۔ وہ ماضی میں دعویٰ کر چکے ہیں کہ ان کے آباؤ اجداد یہودی تھے اور ان کا تعلق ایک سفاردی یہودی خاندان سے تھا، جو گزشتہ صدی میں ڈچ اینٹیلیز سے ہجرت کرکے وینزویلا منتقل ہوا تھا۔ تاہم ان کے قریبی حلقوں کے مطابق گرفتاری سے قبل انہوں نے یہودیت میں خاص دلچسپی ظاہر نہیں کی تھی۔مادورو اپنے سیاسی دور میں وینزویلا کی بڑھتی ہوئی ایوینجلیکل مسیحی برادری کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش بھی کرتے رہے۔ وہ خود کو عملی طور پر کیتھولک قرار دیتے تھے اور ایک ایسے پادری سے قریبی تعلق رکھتے تھے جو ان کے سوشلسٹ نظریات کا حامی تھا۔رپورٹ کے مطابق مادورو، ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس اور ان کی جانشین ڈیلیسی روڈریگیز بھارتی صوفی گرو ستیہ سائی بابا کے پیروکار بھی رہے ہیں۔واضح رہے کہ مادورو کو امریکا میں بھاری مقدار میں کوکین اسمگل کرنے میں مبینہ سہولت کاری سمیت سنگین الزامات کا سامنا ہے۔ ان کے خلاف آئندہ سال مقدمہ چلائے جانے کا امکان ہے۔ ان کی 70 سالہ اہلیہ سیلیا فلوریس کو بھی اسی مقدمے میں ملزم نامزد کیا گیا ہے، تاہم الزامات پر عدالت کا حتمی فیصلہ ابھی آنا باقی ہے۔