بھارتی کرکٹر رنکو سنگھ اور رکن پارلیمنٹ پریا سروج کی شادی 4 دسمبر کو ہوگی

بھارتی کرکٹر رنکو سنگھ اور رکن پارلیمنٹ پریا سروج کی شادی 4 دسمبر کو ہوگی

Nov 11, 2026|ویب ڈیسک

نئی دہلی (سپورٹس ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز رنکو سنگھ اور سماج وادی پارٹی کی رکن پارلیمنٹ پریا سروج کی شادی کی تاریخ سامنے آگئی ہے، دونوں کی شادی 4 دسمبر کو لکھنؤ میں ہونے کا امکان ہے۔بھارتی میڈیا ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق شادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جبکہ دعوت نامے بھی چھپوائے جا چکے ہیں۔ شادی کی تقریب لکھنؤ کے رامادا ہوٹل اینڈ کنونشن سینٹر میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔رنکو سنگھ اور پریا سروج کی منگنی گزشتہ سال جون میں ایک پُروقار تقریب کے دوران ہوئی تھی، جس میں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو، ڈمپل یادو اور جیا بچن سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔رپورٹس کے مطابق رنکو سنگھ بھی شادی کے انتظامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی بہن نیہا کے ہمراہ دعوت نامے کا انتخاب کیا اور مہمانوں کو مدعو کرنے سمیت دیگر تیاریوں میں بھی دلچسپی لی۔ علی گڑھ سے تقریباً 100 مہمانوں کی شرکت متوقع ہے۔پریا سروج پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں اور بھارت کی کم عمر ترین ارکان پارلیمنٹ میں شمار ہوتی ہیں۔ واضح رہے کہ رنکو سنگھ کے والد کا رواں سال انتقال ہوگیا تھا، جس کے باعث یہ شادی ان کے خاندان کے لیے خصوصی جذباتی اہمیت رکھتی ہے۔