امریکی نائب صدر کی حوثیوں سے براہِ راست رابطے کی تصدیق

امریکی نائب صدر کی حوثیوں سے براہِ راست رابطے کی تصدیق

Sep 17, 2026|ویب ڈیسک

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے حوثیوں کے ساتھ براہِ راست رابطے کی تصدیق کردی۔برطانوی میڈیا کے مطابق حوثیوں نے امریکا کو 2025ء کی جنگ بندی برقرار رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ حوثیوں کا کہنا تھا کہ بحیرۂ احمر میں امریکی بحری جہاز ان کے نشانے پر نہیں، تاہم سعودی عرب سے وابستہ بحری جہازوں کو ہدف تصور کیا جائے گا۔دوسری جانب امریکا نے یمن میں حوثیوں کی پیش قدمی پر تشویش کا اظہار کیا اور سعودی عرب کو فوجی معاونت فراہم نہیں کی۔ برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے حوثیوں کے خلاف کارروائی کیلئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے رابطہ کیا تھا، تاہم انہوں نے درخواست مسترد کردی۔یاد رہے کہ امریکا نے مارچ 2025ء میں حوثیوں کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔اس سے قبل امریکی نشریاتی ادارے ایگزیوس اور برطانوی خبر ایجنسی نے رپورٹ کیا تھا کہ امریکی سفارتکاروں نے عمان میں حوثی نمائندوں سے ملاقات کی۔ یہ رابطہ ایسے وقت ہوا جب حوثیوں نے بحیرۂ احمر کے ساحلی علاقوں میں پیش قدمی کرتے ہوئے سعودی حمایت یافتہ فورسز کو پیچھے دھکیل دیا تھا۔ایگزیوس کے مطابق مسقط میں عمانی حکومت کی معاونت سے ہونے والی ملاقات میں جنگ بندی برقرار رکھنے اور آبنائے باب المندب میں بحری آمدورفت کے تحفظ پر گفتگو کی گئی۔ایک یمنی ذریعے کے مطابق حوثیوں نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ وہ اسرائیلی یا دیگر تجارتی جہازوں کو نشانہ نہیں بنائیں گے، تاہم سعودی عرب سے وابستہ بحری جہاز اس یقین دہانی میں شامل نہیں ہوں گے۔امریکی محکمہ خارجہ نے ملاقات کی تصدیق یا تردید سے گریز کیا، تاہم ترجمان نے کہا کہ بحیرۂ احمر میں آزادانہ جہاز رانی کا تحفظ اور مشرق وسطیٰ سے دہشت گردی کی سرگرمیوں کا سدباب امریکا کے بنیادی مفادات میں شامل ہے۔