مس ریچل کا فلسطینی بچوں کیلئے 10 لاکھ ڈالر عطیے کا اعلان
کراچی( شو بز ڈیسک) بچوں کیلئے تعلیمی ویڈیوز بنانے والی معروف امریکی یوٹیوبر مس ریچل، جن کا اصل نام ریچل اکورسو ہے، نے فلسطینی بچوں کی مدد کیلئے 10 لاکھ ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کردیا۔مس ریچل نے انسٹاگرام پر جاری بیان میں بتایا کہ یہ رقم فلسطین چلڈرن ریلیف فنڈ کو دی جائے گی۔ انہوں نے دیگر دولت مند اور بااثر شخصیات سے بھی اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں اور فلسطینی بچوں کی امداد کیلئے عطیات دیں۔مس ریچل کا یہ اعلان امریکی ریپر میکلمور کی جانب سے فلسطینیوں کیلئے 10 لاکھ ڈالر عطیہ کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا۔ میکلمور نے ایڈ شیران کے دورۂ موسیقی سے حاصل ہونے والی اپنی ایک ملین ڈالر آمدنی فلسطینیوں کی مدد کرنے والی تنظیموں کو دینے کا اعلان کیا تھا۔میکلمور کو فلسطین کے حق میں بیانات دینے کے بعد مذکورہ دورۂ موسیقی سے الگ کردیا گیا تھا، جس پر بعض دیگر فنکاروں نے بھی ان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دورہ چھوڑ دیا۔دوسری جانب گلوکار ایڈ شیران اور رابرٹ کرافٹ بھی انسانی امداد کیلئے 20 لاکھ ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔