حریم فاروق کا نیا انداز سوشل میڈیا پر وائرل، لباس پر تبصرے
کراچی( شو بز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ حریم فاروق کی نئی فلم ’مینگو جٹ‘کی تشہیری تقریب میں اپنایا گیا نیا انداز سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔حریم فاروق نے تقریب میں ایپل گرین رنگ کی مختصر ریشمی قمیض کے ساتھ بیج اور سی گرین جامہ وار گھیر دار شلوار جبکہ آرگنزا کا دوپٹہ زیب تن کیا۔تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد بعض صارفین نے اداکارہ کے لباس کی فٹنگ اور انداز پر تنقید کی، جبکہ کچھ صارفین نے ان کے وزن سے متعلق بھی تبصرے کیے۔دوسری جانب متعدد صارفین نے حریم فاروق کا دفاع کرتے ہوئے وزن سے متعلق تبصروں کو نامناسب قرار دیا اور کہا کہ تنقید لباس اور اس کی فٹنگ تک محدود رہنی چاہیے۔حریم فاروق ان دنوں ’مینگو جٹ‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ فلم میں وہ فیصل قریشی کے مدمقابل اداکاری کر رہی ہیں جبکہ شمون عباسی بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔