انگلش فاسٹ بولر برائیڈن کارس کو پولیس تحقیقات میں بڑی ریلیف مل گئی

انگلش فاسٹ بولر برائیڈن کارس کو پولیس تحقیقات میں بڑی ریلیف مل گئی

Sep 19, 2026|ویب ڈیسک

لندن( سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ کے فاسٹ بولر برائیڈن کارس کے خلاف ڈربی میں مبینہ حملے کے معاملے پر پولیس کی تحقیقات ختم کردی گئی ہیں، جس کے بعد انہیں پولیس کی جانب سے مزید کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔31سالہ برائیڈن کارس کو 23 اگست کی صبح ڈربی کے وسطی علاقے سے پولیس نے حراست میں لیا تھا۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں انہیں ہتھکڑیوں کے ساتھ پولیس اہلکاروں کے درمیان دیکھا گیا تھا۔پولیس کے مطابق کرکٹر کو نشے کی حالت میں بد نظمی کے شبہے میں گرفتار کیا گیا، تاہم ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔ بعد ازاں ڈربی شائر پولیس نے ایک بار میں پیش آنے والے مبینہ حملے کی شکایت کی تحقیقات شروع کی تھیں، جو اب ختم کردی گئی ہیں۔واقعے کے باعث کارس کو پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم سے باہر کردیا گیا تھا، جبکہ بعد میں انہیں تیسرے ٹیسٹ اور سری لنکا کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کے اسکواڈ میں بھی شامل نہیں کیا گیا۔پولیس تحقیقات اختتام پذیر ہونے کے باوجود کرکٹ کے متعلقہ ادارے کی جانب سے کارس کے معاملے کی الگ تحقیقات جاری رہیں گی۔ انگلینڈ کے محدود اوورز کے کوچ برینڈن میک کولم نے بھی کارس کی واپسی سے قبل معاملے کے حل پر زور دیا ہے۔