محمد فاروق نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ماجد خان کا چھکوں کا ریکارڈ توڑ دیا

محمد فاروق نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ماجد خان کا چھکوں کا ریکارڈ توڑ دیا

Sep 19, 2026|ویب ڈیسک

راولپنڈی ( سپورٹس ڈیسک) پریزیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون کے دوسرے راؤنڈ کے پہلے روز بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں ایم آئی ٹی کے محمد فاروق نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا۔محمد فاروق نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 99 گیندوں پر 163 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور 14 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے صرف 67 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور فرسٹ کلاس اننگز میں کسی پاکستانی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے لگانے کا سابق ریکارڈ اپنے نام رکھنے والے لیجنڈری بلے باز ماجد خان کو پیچھے چھوڑ دیا۔ یہ فاروق کی تیسری فرسٹ کلاس سنچری اور مسلسل دوسری سنچری ہے۔راولپنڈی کے شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم میں ایم آئی ٹی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دن کے اختتام تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 476 رنز بنا لیے۔ عتیق الرحمٰن نے 142 جبکہ سلمان خان جونیئر نے ناقابل شکست 106 رنز بنائے۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 217 رنز کی شراکت قائم کی۔اسلام آباد میں غنی کے خلاف ایس این جی پی ایل کی ٹیم 152 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جس کے بعد غنی نے 2 وکٹوں پر 192 رنز بنا لیے۔ شرجیل خان نے 156 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جبکہ شعیب اختر جونیئر نے 5 اور خرم شہزاد نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔پشاور میں کنگز مین اکیڈمی کے محمد طیب عارف نے اپنے دوسرے فرسٹ کلاس میچ میں پہلی سنچری بنائی۔ انہوں نے 105 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم ٹیم 215 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ محمد عامر خان نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ایبٹ آباد میں اسٹیٹ بینک نے پاکستان ٹیلی وژن کے خلاف دن کے اختتام تک 9 وکٹوں پر 278 رنز بنائے۔ حسن رضا نے 75 اور کپتان محمد غازی غوری نے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔ پی ٹی وی کے موسیٰ خان اور عماد بٹ نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔