ایشیا کپ کی دونوں ٹرافیاں ممبئی پہنچنے کی بی سی سی آئی سیکریٹری کو امید

ایشیا کپ کی دونوں ٹرافیاں ممبئی پہنچنے کی بی سی سی آئی سیکریٹری کو امید

Sep 19, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی( سپورٹس ڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری دیوجیت سائیکیا نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کی مردوں اور خواتین کی دونوں ٹرافیاں بالآخر بی سی سی آئی کے ممبئی ہیڈکوارٹر پہنچ جائیں گی، تاہم انہوں نے اس کی واپسی کی حتمی تاریخ بتانے سے گریز کیا۔ممبئی میں بی سی سی آئی کی 95ویں سالانہ جنرل میٹنگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے دیوجیت سائیکیا نے کہا کہ وہ ٹرافیوں کی واپسی کے حوالے سے کوئی مقررہ وقت نہیں دے سکتے، تاہم انہیں یقین ہے کہ دونوں ٹرافیاں بھارتی بورڈ کے دفتر پہنچ جائیں گی۔یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ ہفتے بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ایشیا کپ کی فاتح ٹرافی اور تمغے وصول نہیں کیے تھے۔ بھارتی ٹیم نے فائنل میں سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔اس سے قبل گزشتہ سال مردوں کے ایشیا کپ فائنل کے بعد بھی بھارتی ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے گریز کیا تھا۔بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے کا فیصلہ پہلے ہی ایشین کرکٹ کونسل کو آگاہ کردیا گیا تھا اور اسے ادارہ جاتی فیصلہ قرار دیا گیا تھا۔