ایڈ شیران اور رابرٹ کرافٹ کا امدادی سرگرمیوں کیلئے 40 لاکھ ڈالر کا اعلان
لندن( شوبز ڈیسک) برطانوی گلوکار ایڈ شیران کے امریکی ٹور میں ریپر میکلمور کو فلسطین کے حق میں آواز اٹھانے کے بعد لائن اپ سے ہٹائے جانے پر تنازع پیدا ہوگیا، تاہم اب ایڈ شیران اور امریکی ارب پتی رابرٹ کرافٹ نے انسانی امداد کیلئے مجموعی طور پر 40 لاکھ ڈالر دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔میکلمور نے ایڈ شیران کے ٹور کے دوران فلسطینیوں کے حق میں بات کی اور اپنی پرفارمنس میں غزہ کی صورتحال کا ذکر کیا تھا، جس کے بعد متعدد وینیوز کی جانب سے اعتراضات سامنے آنے پر انہیں ٹور سے الگ کردیا گیا۔ایڈ شیران نے وضاحت کی تھی کہ میکلمور کو ٹور سے ہٹانے کا فیصلہ ان کا نہیں بلکہ پروموٹر کا تھا۔ بعد ازاں فینیاس، آرون رو، لوکاس گراہم اور بیوگا سمیت دیگر معاون فنکاروں نے بھی ٹور سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔دوسری جانب میکلمور نے ٹور سے حاصل ہونے والی اپنی 10 لاکھ ڈالر آمدنی فلسطینی امدادی تنظیموں کو دینے کا اعلان کیا اور رابرٹ کرافٹ کو بھی اتنی ہی رقم دینے کا چیلنج دیا۔کرافٹ نے بعد میں بتایا کہ میکلمور کے چیلنج سے قبل ہی ایڈ شیران نے انسانی امداد کیلئے 20 لاکھ ڈالر دینے کا وعدہ کیا تھا اور ان سے بھی مساوی رقم دینے کی درخواست کی تھی، جسے انہوں نے قبول کرلیا۔یوں ایڈ شیران اور رابرٹ کرافٹ کی جانب سے انسانی امداد کیلئے مجموعی طور پر 40 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان سامنے آیا ہے، جبکہ میکلمور کو ٹور سے الگ کیے جانے کا تنازع برقرار ہے۔