قومی بچت اسکیموں کے منافع میں کمی، ستمبر کے نئے ریٹس جاری
اسلام آباد( کامرس ڈیسک) وفاقی حکومت نے قومی بچت کی اہم اسکیموں ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس اور بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس کے منافع کی شرح میں کمی کرتے ہوئے ستمبر 2026 کے نئے نرخ جاری کردیئے۔نئی شرح کے مطابق ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس کی مدت 10 سال مقرر ہے۔ ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر پہلے سال ایک لاکھ 10 ہزار، دوسرے سال ایک لاکھ 21 ہزار، تیسرے سال ایک لاکھ 33 ہزار، چوتھے سال ایک لاکھ 47 ہزار اور پانچویں سال ایک لاکھ 63 ہزار روپے کی رقم ہوگی۔چھٹے سال یہ رقم ایک لاکھ 82 ہزار، ساتویں سال 2 لاکھ 4 ہزار، آٹھویں سال 2 لاکھ 30 ہزار اور نویں سال 2 لاکھ 62 ہزار روپے تک پہنچ جائے گی، جبکہ 10 سال مکمل ہونے پر ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی رقم 3 لاکھ روپے ہوجائے گی۔دوسری جانب بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس کی شرح منافع بھی کم کردی گئی ہے۔ نئی شرح کے تحت ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر ماہانہ ایک ہزار 50 روپے منافع ملے گا، جو سالانہ 12.60 فیصد بنتا ہے۔بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس بالخصوص بیواؤں اور بزرگ شہریوں کی مالی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرائے گئے تھے۔