عاصم اظہر کی ہانیہ عامر کے گانے کی تعریف، دوبارہ قربت کی افواہیں
کراچی( شو بز ڈیسک) پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے اداکارہ و گلوکارہ ہانیہ عامر کے پہلے گانے ’پابلو‘ کی کھل کر تعریف کی، جس کے بعد دونوں کے دوبارہ قریب آنے سے متعلق قیاس آرائیاں ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو دیے گئے انٹرویو میں عاصم اظہر نے ہانیہ عامر کے گانے ’پابلو‘ کو انتہائی عمدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہانیہ ایک بہترین فنکارہ ہیں اور انہیں بطور گلوکارہ نئے انداز میں دیکھنا دلچسپ تجربہ ہے۔ انہوں نے بالخصوص گانے کے بول کو سراہا، جو ہانیہ عامر نے خود تحریر کیے ہیں۔عاصم اظہر نے پاکستانی موسیقی کے شائقین پر زور دیا کہ موسیقی کو مسابقت کے بجائے اظہار کا ذریعہ سمجھا جائے اور ہر گانے کو ضرورت سے زیادہ تنقید کی نظر سے نہ دیکھا جائے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہانیہ عامر کا موسیقی کے شعبے میں قدم پاکستان اور جنوبی ایشیا کی دیگر لڑکیوں کو بھی پاپ موسیقی کی جانب آنے کی ترغیب دے گا۔واضح رہے کہ عاصم اظہر اور ہانیہ عامر ماضی میں ایک دوسرے کے ساتھ تعلق میں رہ چکے ہیں۔ حالیہ عرصے میں دونوں کی بعض ملاقاتوں اور سوشل میڈیا سرگرمیوں کے بعد دوبارہ ساتھ ہونے کی افواہیں گردش کررہی ہیں، تاہم دونوں میں سے کسی نے بھی اپنے تعلق کی بحالی کی تصدیق نہیں کی۔