ایس ای سی پی نے 573 کیسز نمٹا کر 4.73 ارب روپے جرمانے عائد کردیئے

ایس ای سی پی نے 573 کیسز نمٹا کر 4.73 ارب روپے جرمانے عائد کردیئے

Sep 19, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( کامرس ڈیسک) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ایڈجیوڈیکیشن کیسز کا 98 فیصد زیر التوا کام نمٹاتے ہوئے کمپنیز ایکٹ اور دیگر متعلقہ قوانین کی خلاف ورزیوں سے متعلق 573 مقدمات کے فیصلے جاری کردیئے، جن میں مجموعی طور پر 4.73 ارب روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔ایس ای سی پی کے مطابق چیئرمین ڈاکٹر کبیر سدھو کی تعیناتی کے بعد ایڈجیوڈیکیشن شعبے کو مزید مؤثر بنایا گیا۔ شعبے نے 969 سفارشاتی نوٹسز میں سے 953 کا جائزہ مکمل کیا، جبکہ 573 کیسز میں کارروائی مکمل کرکے فیصلے جاری کیے گئے۔کمیشن کے مطابق مؤثر نگرانی اور بہتر مقدماتی انتظام کے نتیجے میں قانونی کارروائی سے متعلق باقی سفارشات بھی نمٹا دی گئی ہیں، جس کے بعد ایڈجیوڈیکیشن شعبے کا زیر التوا کام مکمل طور پر ختم ہوگیا ہے۔عائد کیے گئے جرمانوں میں فہرست شدہ، غیر فہرست شدہ اور نجی کمپنیوں کے علاوہ سیکیورٹیز بروکرز، انشورنس کمپنیوں اور غیر بینکاری مالیاتی اداروں کی جانب سے قوانین اور ضابطہ جاتی تقاضوں کی خلاف ورزیاں شامل ہیں۔ سرکاری ملکیتی کمپنیوں سے متعلق بھی 117 فیصلے جاری کیے گئے۔ایس ای سی پی کے مطابق خلاف ورزیوں میں مالیاتی گوشوارے اور قانونی معلومات بروقت جمع نہ کرانا، سالانہ اجلاس منعقد نہ کرنا، لازمی معلومات ظاہر نہ کرنا، مالیاتی رپورٹنگ اور کارپوریٹ نظم و نسق کے تقاضوں پر عمل نہ کرنا شامل ہے۔ خواتین اور آزاد ڈائریکٹرز کی عدم تعیناتی سے متعلق معاملات بھی کارروائی کا حصہ رہے۔چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا کہ ایڈجیوڈیکیشن کے معاملات میں بروقت، شفاف اور شواہد پر مبنی فیصلوں کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ ان کے مطابق زیر التوا کیسز کو جلد نمٹانا، قانون پر عمل درآمد، کمپنیوں میں ضابطوں کی پابندی کا فروغ اور سرمایہ کاروں بالخصوص اقلیتی حصص یافتگان کے مفادات کا تحفظ کمیشن کی ترجیحات میں شامل ہے۔