ایران اور وینزویلا میں امریکی خلائی جنگی نظام کے استعمال کا انکشاف
واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران اور وینزویلا سے متعلق تنازعات کے دوران امریکا نے اپنا جدید خلائی جنگی نظام استعمال کیا۔رپورٹ کے مطابق یہ جدید نظام دنیا کے کسی بھی حصے میں تیزی سے تعینات کیا جا سکتا ہے۔ اس میں سیٹلائٹس اور مواصلاتی نظام کو جام کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ نظام جدید جنگی حکمت عملی کا ایک اہم حصہ ہے، کیونکہ دشمن کے مواصلاتی رابطوں میں خلل ڈالنے اور برقی مقناطیسی اسپیکٹرم پر برتری حاصل کرنے سے فوجی کارروائیوں کے نتائج متاثر ہو سکتے ہیں۔رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران نے جنگ کے دوران اس امریکی نظام کو نشانہ بنانے کی کوشش بھی کی۔ تاہم اس کوشش کی نوعیت، نظام کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان اور ایران یا وینزویلا میں اس کے استعمال سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ماہرین کے مطابق جدید جنگوں میں برقی مقناطیسی اسپیکٹرم کی اہمیت مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اس شعبے میں برتری فوجی مواصلاتی نظام، سیٹلائٹ نیٹ ورکس اور دیگر الیکٹرانک آلات کے مؤثر استعمال اور تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔