پشاور سکول حادثہ، مالکان اور ٹھیکیدار سمیت متعدد افراد نامزد

پشاور سکول حادثہ، مالکان اور ٹھیکیدار سمیت متعدد افراد نامزد

Oct 16, 2026|ویب ڈیسک

پشاور( اباسین خبر)دیر کالونی میں سکول کی چھتیں گرنے کے المناک واقعے کا مقدمہ تھانہ آغا میر جانی شاہ میں درج کر لیا گیا ہے، جس میں سکول کے مالکان، تعمیراتی ٹھیکیدار اور شیئر ہولڈرز کو نامزد کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق حادثے میں 30 بچوں اور ایک خاتون ٹیچر کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ 52 افراد زخمی ہوئے۔مقدمے کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سکول کی عمارت کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال کیا گیا اور عمارت بوسیدہ ہونے کے باعث غیر محفوظ ہو چکی تھی۔ ایف آئی آر میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دیواروں اور چھتوں کی خستہ حالی کے حوالے سے پہلے شکایات کی گئی تھیں، تاہم بچوں کی جانب سے نشاندہی کے باوجود سکول انتظامیہ اور مالکان نے مبینہ طور پر کوئی کارروائی نہیں کی۔پولیس کے مطابق سکول کی دوسری منزل پر قائم نرسری کلاس اور گراؤنڈ فلور کے کمروں کی چھتیں گرنے سے جانی و مالی نقصان ہوا۔مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ سکول کی اراضی 16 مرلے پر مشتمل ہے، جو وحید اور جاوید کی ملکیت ہے۔ یہ زمین 2024 میں لیز پر حاصل کرنے کے بعد اس پر سکول کی عمارت تعمیر کی گئی تھی۔پولیس نے عمارت تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار، مالکان اور شیئر ہولڈرز کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ مقدمے میں قتل بالسبب سمیت تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 322، 148 اور 149 شامل کی گئی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔