ٹرمپ کا ایران پر جوہری حملے اور زمینی فوج بھیجنے سے انکار

ٹرمپ کا ایران پر جوہری حملے اور زمینی فوج بھیجنے سے انکار

Oct 16, 2026|ویب ڈیسک

واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال نہیں کرے گا اور نہ ہی وہاں امریکی زمینی فوج تعینات کرنے کا کوئی ارادہ رکھتا ہے۔نیوز میکس کو دیے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے معاملے پر روس اور چین کے ساتھ بھی بات چیت کر رہا ہے۔ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی فوج ایران پر ممکنہ نئے حملوں کے منصوبوں کی تیاری میں مصروف ہے۔ ان منصوبوں میں ایران کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے امریکا کے سب سے طاقتور غیر جوہری بم کے استعمال کا امکان بھی زیر غور بتایا گیا تھا۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق منصوبہ بندی سے واقف متعدد ذرائع نے بتایا کہ امریکی اسلحہ خانے میں موجود جی بی یو-43/بی میسیو آرڈیننس ایئر بلاسٹ (ایم او اے بی) بم کے ممکنہ استعمال پر بھی غور کیا گیا۔ یہ انتہائی طاقتور غیر جوہری بم ہے، جسے عام طور پر ’’مدر آف آل بمز‘‘ کہا جاتا ہے۔رپورٹس میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ ایران کے خلاف اس بم کا استعمال خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے اور امریکا و ایران کے درمیان فوجی محاذ آرائی میں شدت آ سکتی ہے۔