حرمین شریفین کے دفاع پر متحد ہیں، سعودی فوجی اتحاد کا دوٹوک اعلان
ریاض( مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کے دفاع کے لیے تمام متعلقہ قوتیں متحد ہیں۔سعودی دارالحکومت ریاض میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کے متعدد ہوائی اڈوں، تیل کی تنصیبات اور بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔انہوں نے حوثیوں کے حملوں کو بین الاقوامی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی دفاعی نظام نے ملیشیا کی جانب سے داغے گئے متعدد میزائلوں کو تباہ کر دیا اور اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششیں ناکام بنا دیں۔ترجمان کے مطابق یمن کے پہاڑی علاقوں میں حوثی ملیشیا کے اسلحے کے 120 سے زائد ذخیرے بھی تباہ کیے گئے۔ترکی المالکی نے مزید بتایا کہ یمن کے دارالحکومت صنعا کے بعض علاقوں سے حوثی ملیشیا نے میزائل داغے، جس کے بعد متاثرہ علاقوں سے شہری آبادی کا انخلا کیا جا رہا ہے۔