مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باوجود عالمی منڈی میں خام تیل سستا
کراچی ( کامرس ڈیسک) عالمی منڈی میں مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باوجود خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔برینٹ خام تیل کی قیمت 41 سینٹ، یعنی 0.39 فیصد گھٹ کر 105 ڈالر 51 سینٹ فی بیرل ہو گئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 54 سینٹ، یعنی 0.55 فیصد کمی کے بعد 97 ڈالر 43 سینٹ فی بیرل پر آ گئی۔تیل کی قیمتوں میں یہ کمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بین الاقوامی توانائی ایجنسی نے تیل کی رسد پر دباؤ کم کرنے کے لیے مارچ میں مختص کیے گئے ہنگامی ذخائر سے 2 کروڑ بیرل سے زائد ڈیزل اور دیگر دستیاب تیل جاری کرنے پر اتفاق کیا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی انتظامیہ تیل کی ترسیل کے اخراجات میں کمی لانے کے لیے ان بعض بحری جہازوں پر پابندیاں ختم کرنے پر بھی غور کر رہی ہے جو روس، ایران اور وینزویلا سمیت مختلف ممالک سے تیل منتقل کرتے رہے ہیں۔دوسری جانب آبنائے ہرمز کے قریب بحری جہازوں پر دوبارہ حملوں اور سعودی عرب و یمن کے حوثیوں کے درمیان بڑھتی ہوئی لڑائی کے باعث خطے میں توانائی کی فراہمی سے متعلق خدشات بدستور برقرار ہیں۔