دہشتگردی کی ہمیشہ مخالفت کی، جنگ میں پاک فوج کے ساتھ ہیں: شوکت یوسفزئی
اسلام آباد ( اباسین خبر) پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات اور سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ دہشتگردی کی مذمت کی ہے اور اس کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔جیو نیوز کے پروگرام ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے الزام لگایا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے نام پر آنے والوں نے پی ٹی آئی کے خلاف کارروائیاں شروع کر دیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ مقصد دہشتگردی کا خاتمہ ہے یا تحریک انصاف کو ختم کرنا؟ ان کے مطابق پارٹی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے اور گھروں کی چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ماضی میں بھی مذاکرات ہوتے رہے ہیں، تاہم پی ٹی آئی نے ہمیشہ دہشتگردی کی مذمت کی اور اس کے خلاف جنگ میں اپنی افواج کی حمایت کی ہے۔انہوں نے پولیس کو فنڈز فراہم نہ کرنے کے الزامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے اپنے بجٹ کا 2 فیصد پولیس پر خرچ کیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت پُرامن احتجاج کر رہی تھی اور مطالبات بھی پیش کیے گئے تھے، لیکن اصل مسائل اپنی جگہ برقرار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کسی صورت دہشتگردی کی حمایت نہیں کرتی۔شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ ایمرجنسی نافذ کرکے پوری جماعت پر دہشتگردوں کی حمایت کا الزام عائد کرنا انتہائی غلط اقدام ہے۔