امریکی سینیٹر کا اسرائیل کو فوجی امداد روکنے کا مطالبہ، غزہ زہریلا خطہ قرار
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے اسرائیل کو دی جانے والی امریکی فوجی امداد بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 3 سال سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں غزہ ایک زہریلے اور بنجر علاقے میں تبدیل ہو چکا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں برنی سینڈرز نے کہا کہ غزہ میں صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کا بنیادی نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، جبکہ 6 کروڑ 10 لاکھ ٹن سے زیادہ ملبے نے علاقے کو شدید آلودگی اور زہریلے اثرات کی لپیٹ میں لے لیا ہے۔انہوں نے غزہ کی تباہ کن ماحولیاتی اور انسانی صورت حال کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے زور دیا کہ امریکا اسرائیل کو فوجی امداد فراہم کرنے کا سلسلہ بند کرے اور اس کے بجائے غزہ کے متاثرہ عوام کی بحالی اور علاقے کی تعمیر نو کے لیے معاونت فراہم کرے۔برنی سینڈرز کا یہ بیان آکسفیم کی ایک نئی رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے، جو اس ادارے نے تنازعات اور ماحولیات کے شعبے میں کام کرنے والے ادارے ’’تنازعات و ماحولیاتی نگرانی مرکز‘‘ کے اشتراک سے مرتب کی ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ غزہ کے 99 فیصد سے زیادہ رقبے میں ممکنہ طور پر زہریلی آلودگی موجود ہے، جس کے باعث ہوا، مٹی، پانی اور خوراک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ صفائی اور نکاسی آب کے نظام کی تباہی کے ساتھ ساتھ 6 کروڑ 10 لاکھ ٹن سے زائد خطرناک ملبے کی موجودگی کے سنگین ماحولیاتی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ اس تباہی کو ممکنہ ماحولیاتی جنگی جرائم کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق یہ صورت حال غزہ میں انسانی زندگی اور بقا کے لیے بھی بڑا خطرہ بن سکتی ہے۔