پاکستان اور روس کا 2030 تک تجارت 5 ارب ڈالر بڑھانے کا ہدف مقرر
اسلام آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان اور روس نے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو وسعت دینے اور 2030ء تک تجارت کا مجموعی حجم 5 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کرلیا ہے۔اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا 11واں اجلاس روسی دارالحکومت ماسکو میں منعقد ہوا، جس میں تجارتی اور اقتصادی روابط کو مزید مستحکم بنانے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان کے وزیر توانائی اویس لغاری اور ان کے روسی ہم منصب نے کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے توانائی، تجارت، سرمایہ کاری، زراعت اور صنعتی شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔اجلاس کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان اور روس اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔ دونوں ملکوں کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کا اگلا اجلاس 2027ء میں پاکستان میں منعقد ہوگا۔