درآمدی گندم کا ایک اور جہاز کراچی پہنچ گیا، فلور ملز کو بڑی فراہمی کا فیصلہ

درآمدی گندم کا ایک اور جہاز کراچی پہنچ گیا، فلور ملز کو بڑی فراہمی کا فیصلہ

Nov 26, 2026|ویب ڈیسک

کراچی (کامرس ڈیسک) سندھ میں آٹے کی قیمتوں میں کمی اور گندم کی دستیابی بہتر بنانے کے لیے درآمدی گندم کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، 54 ہزار 821 ٹن گندم لے کر ایک اور بحری جہاز کراچی بندرگاہ پہنچ گیا ہے، جس کے بعد فلور ملز کو بھی درآمدی گندم کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق رومانیہ سے آنے والا بحری جہاز ایم وی یانگ ژی الفا کراچی بندرگاہ پر جی ٹی ایم ایل ٹرمینل پر لنگر انداز ہوگیا ہے۔ جہاز سے گندم اتارنے کا عمل جلد شروع کیا جائے گا، جبکہ سندھ کے محکمہ خوراک کو روزانہ 5 ہزار ٹن گندم حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔حکام کے مطابق کراچی کی تمام فلور ملز کو درآمدی گندم کی 5 ہزار بوریاں فراہم کی جائیں گی، جبکہ ملوں کو بندرگاہ سے براہِ راست گندم اٹھانے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔محکمہ خوراک سندھ نے درآمدی گندم سے تیار ہونے والے آٹے کی ایکس مل قیمت 138 روپے فی کلو مقرر کردی ہے اور فلور ملز کو ہدایت کی ہے کہ سرکاری گندم سے تیار کردہ آٹا مقررہ نرخ پر فروخت کیا جائے۔دوسری جانب تجارتی ادارے کے درآمد کردہ گندم کے ذخیرے کو کراچی کی فلور ملز تک پہنچانے کا عمل بھی شروع ہوچکا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 54 ہزار 821 ٹن گندم کی آمد سے صوبے میں سرکاری گندم کی فراہمی بہتر بنانے اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام لانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔