پیٹرولیم قیمتوں میں کمی، ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کرائے بھی گھٹ گئے
کراچی (کامرس ڈیسک) ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی کمی کا اعلان کردیا گیا ہے، جس کے تحت ملک بھر میں مال بردار گاڑیوں کے کرائے 5 فیصد کم کیے جائیں گے۔آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کرایوں میں کمی کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 20 روز کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ملک شہزاد اعوان نے وزیراعظم کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا براہِ راست فائدہ عوام تک پہنچتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم آئندہ بھی پیٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں مزید کمی کرکے شہریوں کو ریلیف فراہم کریں گے۔انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ مال بردار ٹرانسپورٹ کے شعبے کو ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس اور دیگر محصولات میں فوری رعایت دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ اگست اور دسمبر میں ملک گیر ٹرانسپورٹ ہڑتالوں کے دوران حکومتوں کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر بھی جلد عمل درآمد کیا جائے۔آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر نے توقع ظاہر کی کہ وزیراعظم اور وفاقی و صوبائی حکومتیں عوام کے ساتھ ٹرانسپورٹ کے شعبے کو بھی مزید سہولتیں فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں گی۔ ان کے مطابق مال بردار ٹرانسپورٹ ملکی معیشت، صنعت اور تجارت میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔