ایران کی مردوں اور خواتین کی ہاکی ٹیمیں دسمبر میں پاکستان آئیں گی
لاہور (سپورٹس ڈیسک) ایران کی قومی مردوں اور خواتین کی ہاکی ٹیمیں 22 سے 29 دسمبر 2026ء تک پاکستان کا دورہ کریں گی، اس سلسلے میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ایرانی ہاکی فیڈریشن کی جانب سے باضابطہ تصدیق موصول ہوگئی ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق ایرانی ٹیمیں ایک ہفتے کے دورے کے دوران اسلام آباد میں قیام کریں گی، جہاں دونوں ممالک کے کھلاڑی مشترکہ تربیتی مشقوں میں حصہ لیں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان اور ایران کی ٹیموں کے درمیان مشقی مقابلوں کی سیریز بھی منعقد کی جائے گی۔اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کا تجربہ فراہم کرنا، کھیل کی تکنیکی مہارتوں کا تبادلہ اور آئندہ مقابلوں کے لیے تیاریوں کو مزید بہتر بنانا ہے۔ مشترکہ تربیتی سرگرمیوں سے کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کے کھیل اور حکمت عملی کو سمجھنے کا موقع بھی ملے گا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے ایرانی مردوں اور خواتین کی ٹیموں کی آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسلام آباد میں ان کی میزبانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ایسے بین الاقوامی دورے ملک میں ہاکی کی سرگرمیوں کے فروغ اور علاقائی کھیلوں کے روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس اقدام سے پاکستانی کھلاڑیوں بالخصوص خواتین ہاکی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور بین الاقوامی سطح پر مقابلے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔