لاہور قلندرز نے شان ٹیٹ کو نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا
لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کے لیے لاہور قلندرز نے آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر شان ٹیٹ کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔فرنچائز کے مالک ثمین رانا نے شان ٹیٹ کی تقرری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ قلندرز کے لیے ایک بہترین اضافہ ثابت ہوں گے اور آئندہ ایڈیشن میں ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ثمین رانا کے مطابق شان ٹیٹ اس سے قبل عالمی سپر لیگ کے دوران بھی لاہور قلندرز کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔ وہ پاکستان سپر لیگ کے علاوہ فاسٹ بولرز کی تربیت اور رہنمائی میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔دوسری جانب شان ٹیٹ نے نئی ذمہ داری ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور قلندرز کا ہیڈ کوچ بننا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ وہ عالمی سپر لیگ کے دوران گیانا میں فرنچائز کے ساتھ کام کر چکے ہیں، جس کی بدولت دونوں فریق ایک دوسرے کے طریقہ کار اور کام کرنے کے انداز سے واقف ہیں۔سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ وہ ثمین رانا کے ساتھ مل کر فرنچائز کے معاملات بھی دیکھ چکے ہیں، جبکہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ کام کے دوران انہیں شاہین آفریدی کے ساتھ بھی کام کرنے کا موقع ملا۔شان ٹیٹ نے مزید کہا کہ انہیں پاکستان کی کرکٹ کنڈیشنز اور مقامی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا بخوبی اندازہ ہے۔ وہ گزشتہ کئی برسوں سے لاہور قلندرز کے بارے میں اچھی باتیں سنتے آئے ہیں اور اس فرنچائز کا حصہ بننے پر خوش ہیں۔