ویان ملڈر نے ٹیسٹ کرکٹ میں 149 سالہ تاریخ بدل دی
جوہانسبرگ (سپورٹس ڈیسک) جنوبی افریقا کے مایہ ناز آل راؤنڈر ویان ملڈر نے ٹیسٹ کرکٹ کی 149 سالہ تاریخ میں ایسا منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا ہے جو اس سے قبل کوئی کھلاڑی حاصل نہیں کر سکا۔بنگلا دیش کے خلاف سینچورین میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں ویان ملڈر نے پہلے شاندار سنچری اسکور کی اور پھر گیند سے بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے محض 31 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس غیر معمولی کارکردگی کے نتیجے میں وہ ٹیسٹ کرکٹ کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر میں ٹرپل سنچری بنانے کے ساتھ ایک اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔یاد رہے کہ ویان ملڈر نے جولائی 2025ء میں زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ناقابلِ شکست 367 رنز کی تاریخی اننگز کھیلی تھی۔ انہوں نے یہ رنز صرف 334 گیندوں پر بنائے تھے، جس میں 49 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں انہوں نے صرف 64 گیندوں پر 7 وکٹیں حاصل کرکے 76 سال پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ اس سے قبل یہ اعزاز نیوزی لینڈ کے ہیو ٹیفیلڈ کے پاس تھا، جنہوں نے 1950ء میں 68 گیندوں پر 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ویان ملڈر کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقا نے بنگلا دیش کو دوسرے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 219 رنز سے شکست دے کر 2 میچوں کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔مقابلے میں جنوبی افریقا نے پہلی اننگز 7 وکٹوں کے نقصان پر 494 رنز بنا کر ختم کرنے کا اعلان کیا، جبکہ بنگلا دیش کی ٹیم پہلی اننگز میں 91 اور دوسری اننگز میں 184 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔