پی ایس ایل 12: ڈائریکٹ سائننگ مکمل، کس ٹیم نے کون سا کھلاڑی خریدا؟
لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی براہِ راست شمولیت کا مرحلہ مکمل ہوگیا، جس میں 6 فرنچائزز نے مختلف غیر ملکی کھلاڑیوں کو اپنی ٹیموں کا حصہ بنایا، تاہم گزشتہ ایڈیشن کی رنرز اپ حیدرآباد کنگزمین اور دفاعی چیمپئن پشاور زلمی نے کسی کھلاڑی کو براہِ راست منتخب نہیں کیا۔ڈائریکٹ سائننگ کے دوران آسٹریلیا کے جارح مزاج آل راؤنڈر میتھیو شارٹ سب سے مہنگے کھلاڑی ثابت ہوئے، جنہیں راولپنڈیز نے 9 کروڑ 15 لاکھ روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز لوکی فرگوسن کو 7 کروڑ 63 لاکھ روپے میں حاصل کیا، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اسی ملک کے فاسٹ بولر میٹ ہینری کو 7 کروڑ 7 لاکھ روپے میں منتخب کیا۔اسی طرح لاہور قلندرز نے سری لنکا کے آل راؤنڈر کمیندو مینڈس کو 6 کروڑ 38 لاکھ روپے میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا، کراچی کنگز نے انگلینڈ کے تجربہ کار لیگ اسپنر عادل رشید کی خدمات 6 کروڑ 20 لاکھ روپے میں حاصل کیں، جبکہ ملتان سلطانز نے آسٹریلیا کے فاسٹ بولر لانس مورس کو 5 کروڑ 50 لاکھ روپے میں منتخب کیا۔دوسری جانب پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین نے براہِ راست کھلاڑیوں کی شمولیت کے بجائے برقرار رکھنے، کھلاڑیوں کے تبادلے اور نیلامی کے ذریعے اپنی ٹیمیں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان سپر لیگ کے قواعد کے مطابق ہر فرنچائز زیادہ سے زیادہ 7 کھلاڑی برقرار رکھ سکے گی، جن میں براہِ راست منتخب کیے جانے والے کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔ آئندہ ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی آخری تاریخ 13 جنوری 2027 مقرر کی گئی ہے۔دوسری جانب ہر ٹیم کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی کے دوران تنخواہوں کی مجموعی حد 45 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے، تاہم نئے کھلاڑیوں کی براہِ راست شمولیت یا گزشتہ سال کے براہِ راست منتخب کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی صورت میں یہ حد بڑھ کر 50 کروڑ 50 لاکھ روپے ہوجائے گی۔ ہر فرنچائز کے لیے نیلامی میں کم از کم 36 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کرنا بھی لازمی ہوگا۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کا افتتاحی مقابلہ پہلی مرتبہ پشاور میں کھیلا جائے گا، جبکہ مکمل شیڈول کا اعلان آئندہ چند ہفتوں میں متوقع ہے۔