بجلی صارفین پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاری، فی یونٹ 2.88 روپے مہنگا ہونے کا امکان
اسلام آباد (کامرس ڈیسک) ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آگئی، بجلی کی قیمت میں 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے، جس کے حوالے سے قومی برقی توانائی نگران ادارہ (نیپرا) آج درخواست پر سماعت کرے گا۔تفصیلات کے مطابق مرکزی بجلی خریداری ادارے (سی پی پی اے) نے اکتوبر کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی مہنگی کرنے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا رکھی ہے۔ درخواست میں فی یونٹ قیمت 2 روپے 88 پیسے بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔حکام کے مطابق حکومتی پالیسی ہدایات کے تحت ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے صارفین پر بھی ہوگا۔دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر کے دوران تیز رفتار ڈیزل سے بجلی پیدا کرنے کی فی یونٹ لاگت 69 روپے 59 پیسے رہی، جبکہ فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار پر 46 روپے 43 پیسے فی یونٹ خرچ ہوئے۔ اسی طرح مائع قدرتی گیس سے بجلی پیدا کرنے کی لاگت 28 روپے 74 پیسے فی یونٹ ریکارڈ کی گئی۔واضح رہے کہ اس سے قبل ستمبر کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 2 روپے 37 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی تھی، جس کا اضافی بوجھ رواں ماہ نومبر کے بجلی بلوں میں صارفین کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔