امریکی فوج نے دھماکے سے 5 ٹن خطرناک کیمیائی مادہ تلف کر دیا

امریکی فوج نے دھماکے سے 5 ٹن خطرناک کیمیائی مادہ تلف کر دیا

Nov 26, 2026|ویب ڈیسک

آئیووا (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی فوج نے ریاست آئیووا میں دھماکا خیز مواد کی تیاری میں استعمال ہونے والے کیمیائی مادے لیڈ ایزائیڈ کے ملک میں موجود تمام ذخیرے کو ایک منظم دھماکے کے ذریعے تلف کر دیا۔ اس کارروائی کے دوران تقریباً 5 ٹن ناکارہ کیمیائی مادہ تباہ کیا گیا۔ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ کارروائی آئیووا میں واقع امریکی فوج کے اسلحہ سازی کے مرکز میں کی گئی، جہاں پرانے اور ناقابل استعمال لیڈ ایزائیڈ کو 2 مضبوط کنکریٹ کے بنکروں میں دھماکے سے ختم کیا گیا۔ فوج کا کہنا ہے کہ ابتدائی جانچ میں قریبی گھروں اور کھیتوں میں زہریلی گردوغبار پھیلنے کے شواہد نہیں ملے۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق دھماکے سے قبل حفاظتی انتظامات کے تحت دونوں بنکروں کے گرد مٹی کی موٹی رکاوٹیں قائم کی گئی تھیں، جبکہ ان پر جھاگ اور پانی بھی ڈالا گیا تھا۔ حکام کے مطابق ان اقدامات سے دھماکے کی شدت اور اس کے ممکنہ اثرات کو محدود رکھنے میں مدد ملی۔دھماکے سے پیدا ہونے والی دباؤ کی لہریں مقامی آبادی کو زلزلے جیسی محسوس ہوئیں، تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر جائے وقوعہ کے گرد 5 میل کے علاقے سے شہریوں کو پہلے ہی منتقل کر دیا گیا تھا۔ امریکی فوج کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کے ادارے کے فضائی نگرانی کے آلات سے مڈل ٹاؤن میں واقع فوجی مرکز کے اطراف فضا میں سیسے کی موجودگی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔حکام نے بعد ازاں موبائل فونز پر پیغام بھیج کر شہریوں کو معمولات زندگی بحال کرنے کی اجازت دے دی۔ وفاقی ادارے برائے ہنگامی انتظامات نے بھی فوجی مرکز کے اطراف فوری خطرہ ختم ہونے کا اعلان کیا۔دوسری جانب ماحولیاتی تنظیموں اور ماہرین نے سیسے کی زہریلی گرد کے ممکنہ اثرات پر تشویش ظاہر کی ہے۔ ان کے مطابق سیسے کی آلودگی انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے، بالخصوص بچوں اور حاملہ خواتین کو اس سے زیادہ خطرات لاحق ہوتے ہیں۔حکام نے بتایا کہ آنے والے ہفتوں میں سرکاری ادارے اور آزاد محققین علاقے میں مزید ماحولیاتی جانچ کریں گے، جس میں پانی کے ذخائر، کھیتوں، گھروں اور کھیل کے میدانوں کے نمونوں کا معائنہ بھی شامل ہوگا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ابتدائی نتائج حوصلہ افزا ضرور ہیں، تاہم مکمل طور پر خطرہ ختم ہونے کا فیصلہ تفصیلی جانچ کے بعد ہی کیا جا سکتا ہے۔امریکی فوج کے مطابق لیڈ ایزائیڈ کا ذخیرہ خراب ہو رہا تھا اور سرد موسم میں اس کے کسی بھی وقت غیر ارادی طور پر پھٹنے کا خدشہ تھا، اس لیے اسے فوری طور پر کنٹرولڈ دھماکے کے ذریعے تلف کرنا محفوظ ترین اقدام تھا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آلودگی پھیلنے سے روکنے کے حوالے سے نتائج توقعات سے بہتر رہے ہیں۔