بھارت میں پاکستانی ویب سیریز کی نمائش روکنے کے لیے مودی کو خطے

بھارت میں پاکستانی ویب سیریز کی نمائش روکنے کے لیے مودی کو خطے

Nov 26, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی  ( مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی پہلی نیٹ فلکس سیریز کی نمائش سے قبل ہی اس کی مقبولیت نے بھارتی فلمی حلقوں میں بے چینی پیدا کر دی ہے، جہاں ایک فلمی تنظیم نے وزیراعظم نریندر مودی سے اس کی نمائش رکوانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آل انڈیا سنے ورکرز ایسوسی ایشن نے مودی کو خط لکھ کر نیٹ فلکس پر نشر ہونے والی پاکستانی سیریز ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ کی نمائش روکنے کی اپیل کی ہے۔تنظیم نے اپنے خط میں پاکستانی مواد پر پابندی عائد کرنے کے لیے قانون سازی کی تجویز بھی پیش کی ہے۔ اس کے علاوہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے افراد اور اداروں پر جرمانے عائد کیے جائیں۔بھارتی فلمی تنظیم کا مؤقف ہے کہ مذکورہ سیریز میں کام کرنے والے متعدد پاکستانی اداکار ماضی میں بھارت مخالف بیانات دے چکے ہیں، اس لیے بھارتی پلیٹ فارم پر اس سیریز کی نمائش نہیں ہونی چاہیے۔پاکستانی سیریز ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ کی پہلی قسط 4 دسمبر کو نشر کی جائے گی۔ اس سے قبل بنگلورو میں پاکستانی ڈراما سیریل ’’درِ نجات‘‘ کی نمائش کے لیے منعقد کی جانے والی تقریب بھی ریاستی مداخلت کے بعد منسوخ کر دی گئی تھی۔شوبز سے وابستہ شخصیات نے بھارتی فلمی تنظیم کے مطالبے کو ثقافتی تنگ نظری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فن اور ادب کو سیاسی مخالفت اور نفرت کی نذر کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق بھارت میں مقبولیت حاصل کرنے والے پاکستانی مواد پر پابندی کی کوششیں ثقافت کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے مترادف ہیں۔