آبنائے ہرمز میں ایرانی کارروائیوں سے امریکا شدید دباؤ کا شکار ہے، پاسداران انقلاب

آبنائے ہرمز میں ایرانی کارروائیوں سے امریکا شدید دباؤ کا شکار ہے، پاسداران انقلاب

Nov 26, 2026|ویب ڈیسک

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی پاسداران انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی افواج کی کارروائیوں اور مسلسل نگرانی کے باعث امریکا شدید دباؤ کا سامنا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایرانی افواج خلیج فارس کے جنوبی ساحلی علاقوں اور جزائر پر ملکی سرحدوں کے تحفظ کے لیے بھرپور دفاعی اقدامات کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق آبنائے ہرمز میں دشمن کے متعدد بغیر پائلٹ طیاروں کو بھی نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا ہے۔بریگیڈیئر جنرل حسین محبی کا کہنا تھا کہ یہ کارروائیاں ایرانی مسلح افواج کی غیر معمولی تکنیکی صلاحیتوں کا مظہر ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران میں میزائلوں کی تیاری کا عمل کبھی نہیں رکا اور ملک اپنی دفاعی ضروریات کے مطابق اس شعبے میں پیش رفت جاری رکھے ہوئے ہے۔ایرانی ترجمان نے مزید دعویٰ کیا کہ ہتھیاروں کے ذخائر کے معاملے میں ایران کی پوزیشن امریکا کے مقابلے میں کہیں زیادہ مضبوط ہے، جبکہ ایرانی ماہرین میزائلوں کی قوت اور نشانے کو درست طور پر ہدف بنانے کی صلاحیت میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں۔