امریکا میں پروازوں کی بندش سائبر حملے یا اے آئی کا نتیجہ نہیں، ٹرمپ
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا میں پروازوں کی روانگی روکنے کا واقعہ بظاہر کسی سائبر حملے یا مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے متعلق خرابی کا نتیجہ نہیں لگتا۔فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر ایسا دکھائی نہیں دیتا کہ پروازوں کی معطلی کے پیچھے سائبر حملہ، مصنوعی ذہانت کا مسئلہ یا اس نوعیت کی کوئی دوسری وجہ ہو۔فاکس نیوز کے صحافی پیٹر ڈوسی نے جمعے کو براہِ راست نشریات کے دوران بتایا کہ انہوں نے صدر سے مختلف انداز میں 2 سے 3 مرتبہ اس بارے میں سوال کیا، تاہم ٹرمپ کا جواب یہی تھا کہ صورتِ حال سائبر حملے کا نتیجہ معلوم نہیں ہوتی۔ صدر کے مطابق ایسے واقعات میں سب سے پہلے ممکنہ سائبر حملے کے پہلو کا جائزہ لیا جاتا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک کسی گروہ یا فرد نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ ٹرمپ نے کہا کہ اگر سائبر حملے کے شواہد ملے تو میڈیا کو اس بارے میں آگاہ کردیا جائے گا۔فاکس نیوز کے مطابق امریکی صدر نے پروازوں کے نظام میں تعطل کی ممکنہ وجہ بنیادی ڈھانچے میں استعمال ہونے والے پرانے اور خراب آلات کو قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی ادارہ برائے ہوا بازی (ایف اے اے) کے بعض آلات 50 سال سے بھی زیادہ پرانے ہیں اور انہیں تبدیل کرنے کے معاملے پر کانگریس سے بات چیت بھی ہوچکی ہے۔