خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف نیب تحقیقات تیز، متعدد افراد طلب

خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف نیب تحقیقات تیز، متعدد افراد طلب

Nov 14, 2026|ویب ڈیسک

پشاور ( اباسین خبر)خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی قیادت سے متعلق قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحقیقات میں تیزی آگئی ہے، جس کے تحت متعدد افراد کو نوٹسز جاری کرکے تحقیقاتی عمل میں شامل ہونے کے لیے طلب کرلیا گیا ہے۔مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر ہارون بلور کے مطابق نیب نے 13 نومبر کو 2 اہم انکوائریوں کے سلسلے میں مختلف افراد کو نوٹسز جاری کیے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ان کے اہل خانہ کی کاروباری شراکت داریوں سے متعلق ریکارڈ طلب کیا گیا ہے، جبکہ ڈاکٹر امجد علی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے معاملے کی تحقیقات میں بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ثمر ہارون بلور کے مطابق ڈاکٹر امجد علی سے متعلق انکوائری میں 9 افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، جبکہ اسلام آباد میں جائیداد کی خریداری کے معاملے پر 5 افراد کو گواہوں کے طور پر طلب کیا گیا ہے۔ مذکورہ جائیداد کی خریداری کے لیے کی گئی 2 کروڑ 44 لاکھ روپے کی ادائیگیوں کی بھی جانچ پڑتال جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ نیب نے پانچوں افراد کو 19 نومبر کو تحقیقاتی افسر کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ڈاکٹر امجد علی کو دوسرا طلبی نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے۔مشیر اطلاعات کے مطابق ایک گواہ کو 17 نومبر کو طلب کیا گیا ہے، جبکہ 4 نجی کمپنیوں کا بینک ریکارڈ بھی حاصل کرنے کے لیے طلب کرلیا گیا ہے۔