خیبرپختونخوا میں سونے کی کان کنی معطل، تمام لیز منسوخ کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا میں سونے کی کان کنی معطل، تمام لیز منسوخ کرنے کا فیصلہ

Nov 14, 2026|ویب ڈیسک

پشاور (پاکستان خبر) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں سونے کی کان کنی کی تمام سرگرمیاں فوری طور پر روکنے اور اس شعبے میں جاری تمام لیز منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر نے بتایا کہ غیر قانونی کان کنی کے خلاف کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ ہر ماہ تقریباً 9 کلو گرام سونا نکالا جا رہا تھا، جبکہ اس غیر قانونی کاروبار سے حاصل ہونے والی رقم کا 80 فیصد افغانستان منتقل کیا جاتا تھا۔فیصل کریم کنڈی نے سونے کی کان کنی کے لیز ہولڈرز اور ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر متعلقہ علاقوں سے اپنی بھاری مشینری ہٹا لیں، بصورت دیگر مقررہ مدت گزرنے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے مشینری ضبط کرلی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے مجسٹریٹ مشینری ضبط کرنے کے ساتھ 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے تھے، حالانکہ قانون کے تحت جرمانے کی رقم 5 لاکھ روپے ہے۔ اس معاملے کی بھی تحقیقات کی جائیں گی اور غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کے خلاف انکوائری ہوگی۔گورنر نے بتایا کہ کوہاٹ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران پولیس نے بہادری سے اس سرگرمی کا خاتمہ کیا۔ تاہم آپریشن کے بعد واپس جانے والی پولیس نفری پر فتنۃ الخوارج نے حملہ کردیا، جس میں ایک ڈی ایس پی سمیت 10 اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں 11 خوارج ہلاک کیے گئے۔ان کے مطابق غیر قانونی کان کنی کے کام میں 8 ہزار 350 ٹریکٹر اور ٹریکٹر ٹرالیاں، ایک ہزار 730 بھاری ڈمپرز اور بڑی تعداد میں مزدور استعمال ہو رہے تھے۔ کوہاٹ میں معدنیات کے 2 بلاکس، سی اور ڈی، موجود ہیں، جبکہ ایک بلاک 4 ارب 92 کروڑ روپے کے عوض لیز پر دیا گیا تھا۔فیصل کریم کنڈی نے الزام عائد کیا کہ غیر قانونی کان کنی سے حاصل ہونے والی رقم کا بڑا حصہ افغانستان منتقل کیا جا رہا تھا، جسے دہشت گردی اور پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث عناصر دہشت گردوں کو بھتہ دیتے اور ان سے تحفظ حاصل کرتے تھے۔گورنر نے شہید ڈی ایس پی حیدر زمان کے نام سے خصوصی ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان بھی کیا اور بتایا کہ اس کی منظوری دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے عناصر کے خلاف سخت پالیسی اپنائی جائے گی اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ آخر کب تک سکیورٹی اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے رہیں گے، اب یہ سلسلہ مزید جاری نہیں رہنے دیا جائے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گزشتہ 13 برس کے دوران خیبرپختونخوا کے وسائل لوٹے گئے، تاہم اب صوبے میں جزا و سزا کا نظام نافذ کیا جائے گا۔ حکومت کا مقصد ترقی و خوشحالی کے ساتھ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔فیصل کریم کنڈی نے مزید بتایا کہ کان کنی اور معدنیات کے شعبے سے متعلق کانفرنس میں دنیا بھر سے وفود نے شرکت کی اور قدرتی وسائل کے استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اب عالمی برادری کو بھی اس شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون کے لیے مدعو کیا جا رہا ہے تاکہ صوبے کے معدنی ذخائر کو ترقی اور خوشحالی کے لیے بروئے کار لایا جاسکے۔