پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی، مائیک ہیسن نے اطمینان ظاہر کردیا
راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم نے مشکل حالات میں بھی اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ پہلے ٹیسٹ میں مجموعی طور پر ٹیم کی کارکردگی تسلی بخش رہی، خاص طور پر خراب روشنی کے باوجود پاکستانی بلے بازوں نے عمدہ کھیل پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں نے بھی متاثر کن کارکردگی دکھائی۔ ثاقب خان نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں جس انداز سے کھیل کا مظاہرہ کیا، اس سے بہتر کارکردگی کی توقع نہیں کی جاسکتی تھی۔ہیڈ کوچ نے غازی غوری کی وکٹوں کے پیچھے کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہترین کیچز پکڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں حالات اور کنڈیشنز بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔مائیک ہیسن نے بابر اعظم کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی بیٹنگ اوسط 50 سے زیادہ ہے، جو دیگر کھلاڑیوں کے مقابلے میں سب سے بہتر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں پنک بال ٹیسٹ کرکٹ ایک متبادل ہوسکتی ہے، تاہم جاری سیریز کے دوران پنک بال متعارف کرانا ممکن نہیں۔