ڈکی بھائی متنازع مذاق پر تنقید کے بعد معافی مانگنے پر مجبور
کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستان کے معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی نے اپنے وی لاگ میں ’’ڈی ایچ اے والی میڈ‘‘ سے متعلق نامناسب مذاق کرنے پر معذرت کرلی۔ ان کے بیان پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا اور صارفین نے انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ڈکی بھائی نے اپنے تازہ وی لاگ میں وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد کسی کی تضحیک کرنا یا کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا نہیں تھا۔ انہوں نے وی لاگ کے آغاز میں ہی معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی سابقہ ویڈیو میں کہی گئی کسی بات سے ڈی ایچ اے والی میڈ کو تکلیف پہنچی ہے تو وہ تہہ دل سے معذرت خواہ ہیں۔یوٹیوبر کا کہنا تھا کہ ان کی نیت کسی کو کمتر دکھانے کی نہیں تھی اور وہ جان بوجھ کر کسی کے بارے میں منفی گفتگو نہیں کرتے۔ ان کے مطابق مستقل ناظرین ان کے اندازِ گفتگو سے واقف ہیں اور وہ اکثر بے تکلفی میں مذاق کر جاتے ہیں۔ڈکی بھائی نے بتایا کہ وہ متعلقہ خاتون کو ذاتی طور پر نہیں جانتے تھے اور رواں سال ایوارڈز سے قبل انہوں نے ان کے بارے میں انٹرنیٹ پر کبھی تلاش بھی نہیں کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ ان کا نام ایوارڈز کی تقریب میں نامزدگی کے موقع پر سنا تھا۔انہوں نے تسلیم کیا کہ ان کا جملہ نامناسب یا کسی کے لیے تکلیف دہ ثابت ہوسکتا ہے، اس لیے وہ اپنے الفاظ کی ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ خاتون ان کی وضاحت اور معذرت کو مثبت انداز میں لیں گی۔واضح رہے کہ یہ تنازع پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز میں بہترین یوٹیوبر کے اعزاز کے نتائج کے بعد شروع ہوا تھا، جہاں ڈی ایچ اے والی میڈ نے معروف یوٹیوبر اقرا کنول کو شکست دے کر ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔ڈکی بھائی نے اپنے وی لاگ میں ایوارڈ جیتنے والی خاتون پر طنز کرتے ہوئے سوال کیا تھا کہ کیا وہ ڈی ایچ اے میں اپنا کام درست طریقے سے کرتی ہیں؟ بعد ازاں گھریلو امور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں ان کے گھر بھی بھیج دیا جائے۔اس تبصرے پر سوشل میڈیا صارفین اور مختلف تجزیہ کاروں نے سخت ردعمل ظاہر کیا تھا۔ ناقدین کے مطابق ایسے جملے محنت کش خاتون کی جدوجہد اور پس منظر کو کمتر ظاہر کرتے ہیں، جبکہ بعض صارفین نے اسے غرور پر مبنی رویہ بھی قرار دیا تھا۔