معروف اداکارہ موشومی چٹرجی کے شوہر اور فلم پروڈیوسر جیانتا مکھرجی چل بسے
ممبئی (شوبز ڈیسک) ہندی اور بنگالی فلموں کی معروف اداکارہ موشومی چٹرجی کے شوہر اور سینئر فلم پروڈیوسر جیانتا مکھرجی 70 برس سے زائد عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ کافی عرصے سے عمر رسیدگی سے متعلق طبی پیچیدگیوں کا سامنا کر رہے تھے۔فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینی ایمپلائز کے صدر بی این تیواڑی نے بھارتی ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ جیانتا مکھرجی گزشتہ شام ممبئی کے علاقے کھار میں واقع اپنی رہائش گاہ پر وفات پاگئے۔جیانتا مکھرجی معروف گلوکار اور موسیقار ہیمنت کمار کے صاحبزادے تھے۔ انہوں نے فلمی صنعت میں بطور پروڈیوسر خدمات انجام دیں اور ’’مذاق‘‘ (1975)، ’’دو لڑکے دونوں کڑکے‘‘ (1979) اور ’’بیوی اور مکان‘‘ سمیت متعدد فلمیں بنائیں۔ ان کی ابتدائی 2 فلموں میں ان کی اہلیہ موشومی چٹرجی نے بھی اہم کردار ادا کیے تھے۔ وہ 1992 میں نشر ہونے والے ٹیلی ویژن ڈرامے ’’تلاش‘‘ سے بھی وابستہ رہے۔پسماندگان میں اہلیہ موشومی چٹرجی اور بیٹی میگھا مکھرجی شامل ہیں۔ ان کی بڑی بیٹی پائل 2019 میں 45 برس کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔