اداکارہ پریتیکا راؤ کی شادی، تصاویر میں شوہر کی شناخت خفیہ رکھ لی

اداکارہ پریتیکا راؤ کی شادی، تصاویر میں شوہر کی شناخت خفیہ رکھ لی

Nov 14, 2026|ویب ڈیسک

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ امرتا راؤ کی بہن، ماڈل اور اداکارہ پریتیکا راؤ شادی کے بندھن میں بندھ گئیں، تاہم انہوں نے شادی کی تصاویر جاری کرتے ہوئے اپنے شوہر کا چہرہ دھندلا دیا تاکہ ان کی شناخت ظاہر نہ ہو۔34 سالہ پریتیکا راؤ نے بنگلورو کے آرٹ آف لیونگ آشرم میں شادی کی، جس میں شری روی شنکر بھی شریک ہوئے اور انہوں نے نو بیاہتا جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اداکارہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو زندگی کے نئے سفر کے آغاز کی اطلاع دی۔ انہوں نے اس تقریب کو نہایت مقدس اور نجی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ تصاویر انتہائی سوچ سمجھ کر اور محدود تعداد میں شیئر کر رہی ہیں، کیونکہ اس خاص موقع کو ایک ہی مرتبہ پوری دنیا کے سامنے پیش کرنا ان کے لیے ممکن نہیں تھا۔پریتیکا راؤ نے رواں سال کو اپنی زندگی کا اہم سنگِ میل قرار دیا۔ ان کے مطابق شادی کے علاوہ انہیں وزارتِ ثقافت کی جانب سے ویدک نجوم سے متعلق پوڈکاسٹ پر تعریفی سند بھی دی گئی۔اداکارہ نے بتایا کہ ان کی شادی ایک روایتی تامل برہمن خاندان میں ہوئی ہے، جس کی ثقافت منگلور کی روایات سے کافی مماثلت رکھتی ہے۔پریتیکا راؤ کو ڈرامہ ’’بے انتہا‘‘ میں عالیہ کے کردار سے شہرت ملی۔ وہ اس کے علاوہ متعدد کنڑ اور تامل فلموں میں بھی اداکاری کر چکی ہیں، جبکہ اس وقت یوٹیوب پر روحانی موضوعات سے متعلق پوڈکاسٹ کی میزبانی کر رہی ہیں۔