رمشا خان نے شوبز سے کنارہ کشی شوہر کے دباؤ پر کی؟ خوشحال خان کی وضاحت
کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستانی اداکار خوشحال خان نے اپنی اہلیہ اور اداکارہ رمشا خان کے شوبز سرگرمیوں اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس سے دوری اختیار کرنے کے فیصلے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مکمل طور پر ان کی اپنی مرضی تھی اور اس میں ان کا کوئی دباؤ شامل نہیں تھا۔خوشحال خان نے حال ہی میں میزبان حسن چوہدری کے پروگرام میں شرکت کے دوران مختلف امور پر گفتگو کی۔ رمشا کے مستقبل میں اداکاری جاری رکھنے سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ انہیں کسی دوسرے کی زندگی کے فیصلوں پر اختیار جتانے کا حق حاصل نہیں۔اداکار نے ان افواہوں کی تردید کی کہ انہوں نے اپنی اہلیہ کو شوبز چھوڑنے پر مجبور کیا۔ ان کے مطابق رمشا نے خود یہ فیصلہ کیا تھا اور وہ اپنے مؤقف پر پوری طرح قائم تھیں۔ خوشحال نے دونوں کے درمیان ہونے والی ایک دلچسپ گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے رمشا سے پوچھا تھا کہ کیا وہ اپنے فیصلے کے حوالے سے واقعی پُرعزم ہیں؟ جس پر رمشا نے اپنے ارادے کی پختگی ظاہر کی۔خوشحال خان کے مطابق رمشا نے مذاقاً انہیں یہ تنبیہ بھی کی تھی کہ وہ ان کے فیصلے پر سوال نہ اٹھائیں۔ اداکار نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ ان کے پشتون پس منظر کے باعث اس معاملے کو کسی مخصوص زاویے سے دیکھا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی والدہ، بھائی یا خاندان کے کسی دوسرے فرد پر بھی اس نوعیت کا فیصلہ مسلط نہیں کریں گے، تو اپنی اہلیہ پر پابندی عائد کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔انہوں نے مزید بتایا کہ رمشا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر منفی رویوں اور ناخوشگوار تجربات کے باعث ان سے دور رہنے کا فیصلہ کیا، کیونکہ اب وہ وہاں پہلے جیسا سکون محسوس نہیں کرتی تھیں۔واضح رہے کہ خوشحال خان اور رمشا خان کی شادی کے بعد اداکارہ کی سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر غیر فعالیت اور شوبز سرگرمیوں سے دوری کے باعث مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئی تھیں۔ بعض صارفین نے سوال اٹھایا تھا کہ آیا خوشحال نے انہیں اداکاری جاری رکھنے سے روکا ہے، تاہم اداکار نے واضح کیا ہے کہ یہ فیصلہ رمشا کا اپنا تھا۔