پشاور میں بی آر ٹی کا نیا روٹ شروع کرنے کا اعلان، 15 بسیں چلیں گی

پشاور میں بی آر ٹی کا نیا روٹ شروع کرنے کا اعلان، 15 بسیں چلیں گی

Nov 14, 2026|ویب ڈیسک

پشاور ( اباسین خبر)پشاور کے شہریوں کے لیے بی آر ٹی کے نئے روٹ کا اعلان کردیا گیا ہے، جس کے تحت رنگ روڈ کے اطراف رہنے والے افراد کو سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔ٹرانس پشاور کے مطابق نئے روٹ ڈی آر 17 کا آغاز پیر 16 نومبر سے ہوگا، جو چمکنی سے جنوبی رنگ روڈ کے راستے مال آف حیات آباد تک جائے گا۔نئے روٹ پر مجموعی طور پر 27 اسٹاپس قائم کیے گئے ہیں، جبکہ ابتدائی مرحلے میں 15 بسیں چلائی جائیں گی۔ چمکنی سے بس سروس صبح 7 بجے اور مال آف حیات آباد سے صبح 8 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوگی، جبکہ دونوں جانب سے سروس شام 7 بجے تک جاری رہے گی۔روٹ ڈی آر 17 کے آغاز کے بعد پشاور میں بی آر ٹی کے روٹس کی مجموعی تعداد 20 ہوجائے گی۔ اس سہولت سے رنگ روڈ کے اطراف رہائش پذیر شہریوں، طلبہ اور ملازمت پیشہ افراد کو آمدورفت میں آسانی ہوگی۔ٹرانس پشاور کا کہنا ہے کہ مسافروں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید وسعت دینے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔