ریکوڈک منصوبے سے بلوچستان میں روزگار اور معاشی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے، وزیراعظم

ریکوڈک منصوبے سے بلوچستان میں روزگار اور معاشی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے، وزیراعظم

Nov 14, 2026|ویب ڈیسک

اسلام آباد( اباسین خبر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کے عوام کے لیے روزگار، فنی مہارتوں اور معاشی ترقی کے نئے مواقع فراہم کرے گا، جبکہ اس کی کامیابی پاکستان میں مستقبل کی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مثالی معیار قائم کرے گی۔وزیراعظم سے غیرملکی کان کنی کمپنی کے چیئرمین کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، جس میں معدنی شعبے میں سرمایہ کاری اور ریکوڈک منصوبے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور معدنی ذخائر سے مالا مال ہے اور ان سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے صوبوں کی ترقی اور عوام کی خوشحالی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبہ پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس منصوبے کی کامیابی ملک میں آئندہ معدنی سرمایہ کاری کے لیے بھی راہ متعین کرے گی۔ملاقات کے دوران غیرملکی وفد نے پاکستان میں منرل کانفرنس کے انعقاد کو معدنی شعبے کی ترقی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا، جبکہ کراچی اور گوادر میں معدنیات کی پراسیسنگ کے صنعتی یونٹس کے قیام کے لیے سرمایہ کاری میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔